آرمینیا، مسلح افراد نے پولیس ہیڈکوارٹر پر قبضہ کرلیا
آرمینیا کے دارالحکومت ایروان میں مسلح افراد نے پولیس ہیڈکوارٹر پر حملہ کرکے ڈپٹی پولیس چیف سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا ہے۔
-خبروں کے مطابق اتوار کی صبح نامعلوم مسلح حملہ آور اپنی گاڑیوں کی مدد سے پولیس ہیڈکوارٹر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور عمارت پر قبضہ کر لیا۔
حملہ آوروں نے ڈپٹی پولیس چیف والری اوسیپیان سمیت متعدد افراد کو یرغمالی بنا رکھا ہے۔ حکام کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ حملہ آور حزب اختلاف کے رہنما جرائر سفیلیان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
جرائر سفیلیان کو کچھ عرصہ قبل دارالحکومت ایروان میں سرکاری اداروں اور ریڈیو ٹیلی ویژن کی عمارت پر قبضے کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
آرمینیا کی نیشنل انٹیلی جنس کے مطابق پولیس حملہ آوروں کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔