Oct ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • امریکہ، دونوں صدارتی امیدواروں کا آئندہ انتخابات میں اپنی اپنی کامیابی کا دعوی

امریکہ کے دونوں صدارتی امیدواروں نے آئندہ انتخابات میں اپنی اپنی جیت کا دعوی کیا ہے۔

ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات کے بارے میں کرائے جانے والے را‏ئے عامہ کے تازہ جائزوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں جیت ان کی ھوگی۔ انتخابات کے حوالے سے اہم مانی جانے والی ریاست اوھایو میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی جماعت جیت کی جانب بڑھ رہی ہے اور ہم ڈیموکریٹ  سے وائٹ ہاوس کا قبضہ واپس لے لیں گے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ اگرچہ شمالی کیرولائنا، آیووا ، فلوریڈا اور اوھایو میں رائے عامہ کے جائزوں کے نتائج، ہیلری کلنٹن کے حق میں ہیں لیکن وہ وہاں بھی کامیاب ہوں گے۔ ری پبلکن صدارتی امیدوار نے یہ کہہ کر کہ ہیلری کلنٹن سب سے بڑی جھوٹی ہیں امریکی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں سے باہر آئیں اور ان کے حق میں ووٹ دیں۔

دوسری جانب ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے دعوی کیا ہے کہ اب تک کے مباحثوں نے ثابت کردیا ہے کہ امریکہ کی آئندہ صدر وہ ہوں گی۔ شمالی کیرولائنا کے علاقے ونسٹن سلم میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن نے کہا کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ساڑھے چار گھنٹے تک مباحثہ کیا ہے اور یہ مباحثہ ان کے حق میں رہا۔

ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار نے الزام لگایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل فوج کی توہین کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر ٹرمپ کو فوج ، فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کے بارے میں بہت کچھ جاننے کی ضرورت ہے۔

امریکہ کے دونوں صدارتی امیدواروں نے آٹھ نومبر کے انتخابات سے قبل بیس اکتوبر کو لاس ویگاس کی نیواڈا یونیورسٹی میں ہونے والے آخری مباحثے میں ایک دوسرے کا سامنا کیا ہے۔ پچھلے مباحثوں کے مقابلے میں معتدل اور منظم دکھائی دینے والے مسٹر ٹرمپ نے آخری مباحثے میں جذباتی ہونے سے گریز کیا اور کوشش کی کہ ہیلری کلنٹن کی بات نہ کاٹی جائے۔

ٹرمپ اور کلنٹن نے آخری مباحثے میں اپنی پالیسیوں پر بات کرنے کے بجائے، ری پبلکن اور ڈیموکریٹ پارٹی کے درمیان پائے جانے والے بنیادی اختلافات پر توجہ مرکوز رکھی جس میں اسلحہ قوانین، اسقاط حمل اور پناہ گزینوں جیسے معاملات شامل تھے۔امریکہ کے اٹھاون ویں صدارتی انتخابات آٹھ نومبر دوہزار سولہ کو ہوں گے جس کے لیے ہر ریاست میں جداگانہ پولنگ کرائی جائے گی۔

ٹیگس