Nov ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • شمالی ڈیکوٹا میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم

امریکی ریاست شمالی ڈیکوٹا میں تیل پائپ لائن منصوبے کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو پولیس نے زبردست تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

خبروں کے مطابق تیل پائپ لائن منصوبے سے ماحولیات کو پہنچنے والے نقصانات کے خلاف سینکڑوں لوگ شمالی ڈیکوٹا کے شہر مورٹن کاونٹی کی سڑکوں پر آئے اور بعد ازاں بیک واٹر برج پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ مذکورہ گیس پائپ لائن منصوبے سے علاقے کے قدرتی ماحول کو نقصان پہنچ رہا ہے لہذا اس کا روٹ تبدیل کیا جائے۔

امریکی پولیس نے پل پر دھرنا دیئے بیٹھے پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا بے جا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق امریکی پولیس نے پرامن مظاہرین پر آنسوگیس کی زبردست شیلنگ بھی کی۔
ایسے ہی مظاہرے شمالی ڈیکوٹا کے شہر بسمارک میں بھی کئے گئے جہاں پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا ہے۔
قبل ازیں اکتوبر کے آخر میں بیک واٹر پل پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان زبردست تصادم ہوا تھا جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔
امریکہ کے اصل قبائلی باشندے اور ماحولیات کے لیے کام کرنے والے کارکن مذکورہ تیل پائپ لائن کو شمالی ڈیکوٹا سے گزارے جانے کے خلاف کئی ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں۔

ٹیگس