نئی کالونیوں کی تعمیر جاری رہے گی : نتین یاہو
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے مقبوضہ فلسطین میں کالونیوں کی تعمیر روکے جانے کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے ان علاقوں میں نئی کالونیوں کی تعمیر کی خبر دی ہے-
صیہونی حکومت کے ٹیلی ویژن نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ بنیامن نتین یاہو نے مقبوضہ فلسطین میں کالونیوں کی تعمیر پر پابندی پر مبنی سلامتی کونسل کی قرار داد کے خلاف موقف اختیار کرتے ہوئے کابینہ کے اجلاس میں مزید نئی کالونیوں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے -
دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم نے سنیچر کوصیہونی وزیر خارجہ کو حکم دیا ہے کہ وہ ایک مہینے کے اندر مقبوضہ فلسطین میں اقوام متحدہ سے وابستہ اداروں کے بجٹ اورمقبوضہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے نمائندے کی موجودگی سمیت اقوام متحدہ اور تل ابیب کے تعلقات پر نظرثانی کریں-
نتین یاہو نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس سے قبل اسرائیل مخالف پالیسیاں اختیار کرنے والے اقوام متحدہ سے وابستہ پانچ اداروں اور پانچ حکام کا بجٹ منقطع کئے جانے کا حکم صادر کیا جا چکا ہے اور اب مزید افراد اور اداروں کے سلسلے میں بھی اس فیصلے پر عمل درآمد ہوگا-
صیہونی وزیر اعطم نتین یاہو کے دفتر نے اس سے قبل بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ صیہونی حکومت مقبوضہ فلسطین میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر کا سلسلہ ختم کرنے کے لئے، جمعے کی رات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منظور ہونے والی قرار داد کی شقوں پر عمل نہیں کرے گی -