واشنگٹن میں ٹرمپ کے مخالف نے بطور احتجاج خود کو آگ لگا لی
امریکہ کے نو منتخب صدر ٹرمپ کے ایک مخالف نے واشنگٹن میں خود کو آگ لگا لی -
روزنامہ اینڈی پینڈنٹ نے جمعے کو اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق ٹرمپ مخالف نے اس بات پر احتجاج کرتے ہوئے خود کو آگ کے حوالے کر دیا کہ امریکیوں نے ایک ایسے شخص کو ملک کا صدر منتخب کیا ہے جو آئین کی پابندی کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا- ٹرمپ کی پالیسیوں کے اس مخالف نے واشنگٹن میں ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل کے سامنے خود کو آگ کو لگائی ہے - ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل ، وہائٹ ہاؤس سے بہت کم فاصلے پر ہے - اس شخص کی خود سوزی کی خبر سن کر واشنگٹن میں سیکڑوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ٹرمپ کو صدر چنے جانے کے خلاف نعرے لگانے لگے- دوسری طرف واشنگٹن میں نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں کی بھی خبریں ملی ہیں - ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان اس وقت جھڑپیں شروع ہوگئیں جب وہ واشنگٹن میں اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک پروگرام سے باہر نکل رہے تھے - مظاہرین نے ٹرمپ کے حامیوں کا راستہ بند کر دیا اور ٹرمپ اور ان کے حامیوں کے خلاف شدید نعرے لگائے- جھڑپیں اتنی شدید تھیں کہ پولیس کو آنسو گیس کے گولے استعمال کرنا پڑے- واشنگٹن سمیت امریکہ کے مختلف علاقوں میں ڈونالڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر بھی ان کے خلاف شدید مظاہرے ہو رہے ہیں -