دیوار کی تعمیر امریکی معیشت اور سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے ہے، امریکی صدر
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوارکی تعمیر سے ملکی معیشت اور سیکورٹی کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
بدھ کی وزارت داخلہ کے کارکنوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ملک میں قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانا وزارت داخلہ کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔انہوں نے تارکین وطن سے متعلق جاری کیے جانے والے دو احکامات کا جانب اشارہ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ مذکورہ احکامات نے ہزاروں افراد کی جانوں اور لاکھوں ملازمتوں کو امریکیوں کے لیے محفوظ کر دیا ہے جس سے اربوں ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔
امریکی صدر کے جاری کردہ احکامات کی رو سے ایران، شام، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن کے شہریوں کے لیے امریکی ویزے کی فراہمی تیس دن کے لیے معطل کردی گئی ہے جبکہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کے حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی کمپین کے دوران بھی اعلان کیا تھا کہ صدر منتخب ہونے کی صورت میں مسلمانوں کی امریکہ آمد کا سلسلہ بند اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کھڑی کر دیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کے ہنگامہ خیز اور متنازعہ اقدامات کے خلاف امریکہ بھر میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔