Feb ۰۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • امریکہ عالم اسلام کا ازلی دشمن

مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا متنازعہ کردار و متعصبانہ طرزعمل ان کے اقتدار اور امریکہ کی سالمیت کے لئے سخت نقصان دہ ثابت ہوگا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ صرف اسلامی ممالک پر ویزہ کی پابندی لگا کر امریکی صدر نے یہ باور کرایا ہے کہ ان کی مخاصمت دہشت گرد عناصر سے نہیں بلکہ امت مسلمہ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرذی شعوراس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ امریکہ عالم اسلام کا ازلی دشمن ہے۔ افغانستان اورعراق سمیت دنیا کے دیگر مسلم ممالک کے لاکھوں بے گناہوں کے خون سے اس کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں۔ امت مسلمہ کو دوست دشمن کی پہچان کرنا ہوگی، وگرنہ یکے بعد دیگر سب کی باری آنی ہے۔

انہوں نے کہا ہمارے حکمرانوں کو جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس امریکی اقدام کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے تھی۔ غیر مسلم حکمران تو ٹرمپ کے اس تعصب آمیز رویہ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں، لیکن مسلم ممالک کی طرف سے خاموشی ہمارے وقار کے لئے سخت دھچکا ہے۔ تاریخ شاید ہے کہ صرف انہی لوگوں کا نام تاریخ میں سنہرے حروف سے رقم کیا جاتا رہا، جو باطل قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر حق کا برملا اظہار کرتے رہے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ ٹرمپ کو ہوش میں لانے کے لئے ضروری ہے کہ امریکی پالیسیوں کے حوالے سے امت مسلمہ بھی اپنے لائحہ عمل میں نمایاں تبدیلی لائے۔عالم اسلام باہمی اخوت و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرے تو امریکی صدر کے ہوش ٹھکانے آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے تیل کے ذخائر سے اربوں ڈالر منافع حاصل کرنے والی استعماری طاقتیں مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہمیں گروہی و مسلکی حد بندیوں سے نکل کر دین محمدی پر باہم ہونے کی ضرورت ہے۔ مسلمان ممالک پر امریکی پابندیاں انسانی حقوق کے منافی اور عالمی قوانین سے متصادم ہیں۔

 

ٹیگس