Feb ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • فرانس میں منافقین کی آزادانہ سرگرمیوں پر ایران کا اظہار تشویش

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے فرانس میں منافقین کے دہشت گرد گروہ کے عناصر کی آزادانہ سرگرمیوں کی اجازت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ منافقین کی ہر طرح کی حمایت ایران کے لئے غیردوستانہ پیغام کی منتقلی کا باعث بنے گی -

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے تہران میں فرانس کے وزیرخارجہ جان مارک آئیرو سے ملاقات میں گذشتہ برسوں کے دوران ایران میں اعلی حکام اور عام شہریوں کو وحشیانہ طریقے سے شہید کرنے کے منافقین کے دہشت گردانہ اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ منافقین کے مجرمانہ اقدامات اور مسلط کردہ جنگ کے دوران  صدام سے ان کا براہ راست رابطہ ایرانی عوام ہرگز فراموش نہیں کرسکتے - انہوں نے اسرائیل کے ذریعے فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کے تعمیر کے منصوبے اور غزہ کے محاصرے کی مخالفت میں پیرس میں منعقدہ کانفرنس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے غاصبانہ اور وحشیانہ اقدامات کو روکنے کے لئے بین الاقوامی دباؤ کی ضرورت ہے اور یورپ کو چاہئے کہ وہ صیہونی حکومت کو واضح پیغام ارسال کرکے اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے - علی شمخانی نے فرانسیسی وزیرخارجہ کے ساتھ ملاقات میں یمن پر سعود ی عرب کے وحشیانہ حملوں اور آل سعود کے ہاتھوں یمنی بچوں اور خواتین کے قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یورپی ملکوں اور سلامتی کونسل کے مستقل اراکین کی بے توجہی اورخاموشی پر تنقید کی - فرانس کے وزیرخارجہ جان مارک آئیرو نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد کے ماحول میں ایران اور فرانس کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کا مستقبل تابناک ہے -

 

ٹیگس