Aug ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • منافقین، امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کے آلہ کار

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ منافقین کے دہشت گرد گروہ کا، کہ جسے انسانی حقوق کے دعویدار مغربی ممالک کی ہمیشہ حمایت حاصل رہی ہے، کوئی سازشی مقصد پورا نہیں ہو سکتا۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایکس پیج پر منافقین کے تیس اگست سن انیس سو اکیاسی کے دہشت گردانہ حملے میں اس وقت کے ایران کے صدر محمد علی رجائی اور وزیراعظم باہنر کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ دہشت گردانہ واقعہ ایرانی قوم کے لئے تلخ ترین اور ناقابل فراموش حقائق کی یادآوری کراتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گرد منافقین، دشمنوں کے بنائے ہوئے منصوبے کے مطابق ایران میں اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے مگر اس مقصد کے حصول میں منھ کی کھانے کے بعد ان منافقین نے پہلے ایرانی حکام و ایرانی عوام کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا شروع کر دیا اور پھر دہشت گرد گروہ کے سرغنہ فرانس فرار ہو گئے اور پھر انسانی حقوق کے دعویدار مغربی ممالک کی حمایت سے اسلامی جمہورریہ ایران کی حکومت اور انقلابی قوم کے خلاف مجرمانہ اقدامات انجام دیئے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ منافقین، امریکہ و غاصب صیہونی حکومت کے آلہ کار بن کر سرکاری دہشت گردی کو فروغ دیتے رہے اور ایران میں جوہری سائنسدانوں کا قتل کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا اور سترہ ہزار ایرانیوں کو تہہ تیغ کیا اور منافقین کا یہ دہشت گرد گروہ کے یہ سارے اقدامات، انسانی حقوق کے دعویدار ایسے مغربی ممالک کی حمایت سے عمل میں آتے رہے، جو دہشت گردی کے خلاف اپنا گلا پھاڑتے رہتے ہیں۔

ٹیگس