جرمنی امریکہ کا مقروض اور احسان مندہے، ٹرمپ
امریکی صدر ٹرمپ نے جرمن چانسلر سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ جرمنی، نیٹو اور واشنگٹن کا مقروض اور احسان مند ہے ۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات کے ایک روز بعد، ہفتے کے دن اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جرمنی، نیٹو اور واشنگٹن کا مقروض اور احسان مند ہے۔انھوں نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا ہے کہ جرمنی، نیٹو کا بے تحاشا مقروض ہے اور اسے چاہئے کہ امریکہ کی جانب سے اس کا بھرپور دفاع کئے جانے کی بابت زیادہ اخراجات کرے۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے اپنا نام خفیہ رکھے جانے کی شرط پر ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ امریکہ نے جرمنی کی جانب سے نیٹو کے بجٹ کے اپنے حصے کی رقم ادا کرنے کے لئے چانسلر پر دباؤ ڈالا ہے۔ٹرمپ نے مرکل کے ساتھ مشترکہ کانفرنس میں بھی کہا ہے کہ جرمنی کے ساتھ امریکہ کے تجارتی سمجھوتے، امریکی صنعتوں کے نقصان میں ہیں اور واشنگٹن ان سمجھوتوں میں اصلاح کے درپے ہے۔ٹرمپ سے متعلق ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے اس کے باوجود کہ انتخابی مہم کے دوران بارہا نیٹو کی افادیت پر شک و شبہے کا اظہار کیا تھا، مرکل کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات میں اس فوجی اتحاد کے لئے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔