افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کا مطالبہ
روس نے افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کی غیرمعینہ مدت تک تعیناتی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
افغانستان کے لئے روسی صدر کے خصوصی ایلچی ضمیر قابلوف نے ماسکو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے سلسلے میں طالبان کا مطالبہ منصفانہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کی غیرمعینہ مدت تک موجودگی کی حمایت نہیں کرتا، افغانستان کا کوئی بھی پڑوسی ملک وہاں پر امریکی اور نیٹو افواج کی غیرمعینہ مدت تک موجودگی کی حمایت نہیں کر رہا ہے۔
ضمیر قابلوف نے کہا کہ امریکا اپریل کے وسط میں افغانستان میں قیام امن کے لئے ماسکو میں منعقدہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ انھوں نے امریکا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا کو یہ حق نہیں کہ وہ کسی کو ڈکٹیٹ کرے کہ افغانستان کے سلسلے میں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں؟