Apr ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • امریکہ میں ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

امریکی عوام نے اپنے ملک کے صدر ٹرمپ کی جنگ پسندانہ پالیسیوں کے خلاف واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کیا ہے۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے سامنے کئے جانے والے مظاہرے کے شرکا نے امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے اور افغانستان میں امریکی حکومت کی جنگ پسندانہ پالیسیوں اور دنیا کے مختلف علاقوں میں اس کی فوجی مداخلت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

اس احتجاجی مظاہرے میں امریکہ میں مقیم افغان شہریوں نے بھی شرکت کی اور افغانستان پر امریکہ کی جانب سے سب سے بڑے غیر ایٹمی بم سے حملہ کئے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔ افغان شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں امریکہ کی فوجی مداخلت اور جارحانہ پالیسیوں کے نتیجے میں افغان عوام کی مشکلات اور مسائل میں صرف اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے شام پر میزائل حملے اور بحری بیڑہ  جزیرہ نمائے کوریا روانہ کئے جانے کے بعد اپنی جارحانہ پالیسیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے گذشتہ جمعرات کو افغانستان پر سب سے بڑے غیر ایٹمی بم سے حملہ ، بلکہ بالفاظ دیگر اس مدر بم کا تجربہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ فوجی مداخلت سے متعلق امریکی صدرکے اقدامات کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ٹیگس