سلامتی کونسل کی جانب سے مزید پابندیوں کی دھمکی
Apr ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کو دھمکی دی ہے کہ اس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے اس کے اقدامات کے جواب میں پیونگ یانگ کے خلاف مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی-
سلامتی کونسل نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا، علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنے والا رویّہ اپنائے ہوئے ہے اس لئے اس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں-
پیونگ یانگ نے اعلان کر رکھا ہے کہ اگر جنوبی کوریا اور امریکا نے شمالی کوریا پر حملہ کیا تو وہ بھی اس کا بھرپور جواب دے گا-
شمالی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ پیونگ یانگ کا ایٹمی اور میزائلی پروگرام امریکا کے دشمنانہ اقدامات کے جواب میں ملک کے دفاع کے لئے ہے-