صومالیہ: الشباب کے 52 دہشتگرد ہلاک
Apr ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۲ Asia/Tehran
صومالیہ میں آپریشن کے دوران دہشتگرد گروہ الشباب کے 52 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
کینیا کی فوج کے ترجمان کرنل جوزف اوتھ کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کی فوج نے صومالیہ کے جنوبی صوبے بطاطی میں دہشتگرد گروہ الشباب کے مرکز پر حملہ کر کے 52 دہشتگردوں کو ہلاک اور درجنوں دہشتگردوں کو زخمی کر دیا ہے۔
کرنل جوزف کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا تاہم اب تک الشباب کی جانب سے اپنے جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کینیا کے ہزاروں کی تعداد میں فوجی افریقین یونین مشن کے تحت صومالیہ سے الشباب کا خاتمہ کرنے کے لئے تعینات ہیں۔ الشباب کی جانب سے کینیا میں حملے کے بعد اس افریقی ملک نے 2011 میں پہلی مرتبہ اپنی فوج صومالیہ بھیجی تھی۔