May ۰۶, ۲۰۱۷ ۰۸:۲۶ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے صدر کو قتل کرانے کا امریکی منصوبہ ناکام

شمالی کوریا نے دعوی کیا ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کے خفیہ اداروں نے اس ملک کے سربراہ کم جانگ ان کو قتل کرانے کا منصوبہ بنایا تھا جسے ناکام بنادیا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت ملکی سلامتی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بد نام زمانہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور جنوبی کوریا کی انٹیلی جنس ایجنسی نے کم جانگ ان کو عوامی اجتماع کے دوران زہریلی گیس کے ذریعے قتل کرانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

شمالی کوریا کی وزارت کی جانب سے سرکاری ٹی وی پر جاری بیان کے مطابق امریکا اور جنوبی کوریا کے خفیہ اداروں کی جانب سے بنائے گئے منصوبے کے تحت کم جانگ ان کی جان لینے کے لئے بائیو کیمیل عنصر کے ذریعے قتل کرانا تھا جس کے لئے اجرتی قاتلوں کو 20 ہزار امریکی ڈالر بھی دیئے گئے جب کہ ممکنہ طور پر کم جانگ ان کی جان لینے کے لئے تابکاری عنصر اور نینو پوائزن سبسٹینس استعمال کیا جانا تھا۔

حکام کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ کم جانگ ان کے قتل کا منصوبہ کس طرح ناکام بنایا گیا اور یہ منصوبہ کب اور کہاں عمل میں لایا گیا تاہم ابھی تک امریکہ کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ دنوں کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان کی جانب سے  دھمکی آمیز بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی سی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

 

ٹیگس