ٹرمپ سلمان اور سیسی پر نورڈک ملکوں کا طنز
نورڈک ملکوں کے وزرائے اعظم نے شوسل میڈیا پر ایک تصویر جاری کرکے، صدر ٹرمپ کے دورہ ریاض کے موقع پر، امریکہ، سعودی عرب اور مصر کے سربراہوں کی علامتی حرکت کا مذاق اڑایا ہے۔
نورڈک ممالک میں، ڈینمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ، ناروے اور سوئیڈن شامل ہیں۔
گزشتہ ہفتے امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے ہمراہ ریاض میں انتہا پسندی کے خلاف نام نہاد مرکز کے افتتاح کے موقع پر اپنے ہاتھ شیشے کی ایک گیند پر رکھے تھے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے وہ دراصل زمین کا گلوب تھا۔
اس اقدام کا مذاق اڑاتے ہوئے ڈینمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ، سوئیڈن اور ناروے کے وزرائے اعظم نے پائیدار ترقی سے متعلق اقوام متحدہ کے اہداف کے حصول کے لیے بنائے گئے مشترکہ منصوبے کے افتتاح کے موقع پر، ایک فٹبال ہاتھ میں لے کر بالکل وہی انداز اپنایا جو امریکہ، سعودی عرب اور مصر کے سربراہوں نے اپنایا تھا۔
یہ تصویر بڑی تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اس پر زبردست کمنٹس سامنے آئے۔
قابل ذکر ہے کہ انسانی حقوق کا بدترین ریکارڈ رکھنے والے ملک سعودی عرب نے انسانیت کے قاتل امریکہ کے صدر کے دورے ریاض کے موقع پر انتہا پسندی کے خلاف جنگ کے لیے عالمی مرکز کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔