Jun ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۹ Asia/Tehran
  • برطانوی وزیراعظم کے خلاف لندن میں مظاہرہ

لندن میں برطانوی وزیر اعظم تھریسا مئے کے مخالفین نے کنزرویٹو پارٹی کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ کے باہر ہونے والے اس مظاہرے میں جنگ مخالف تنظیموں کے کارکن، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ طلبا کی بھی بڑی تعداد شریک تھی-

مظاہرین نے تھریسا مئے کے اس فیصلے کی شدید مخالفت کی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ شمالی آئرلینڈ کی جماعت ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنائیں گی-

جمعرات کو ہونے والے عام انتخابات میں تھریسا مئے کی جماعت کنزرویٹو پارٹی حکومت سازی کے لئے واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکی ہے-

 ہفتے کو ہوئے مظاہرے کے شرکا کا کہنا تھا کہ شمالی آئرلینڈ کی سیاسی جماعت  انتہائی دائیں بازو کے نظریات کی حامل ایک جماعت ہے جس کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کی اجازت نہیں دیں گے-

مظاہرے کے شرکا اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر پارلیمانی انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کی جیت پر ناراضگی کے اظہار کے نعرے درج تھے-

برطانیہ کے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں تھریسا مئے کی کنزرویٹو پارٹی سب سے زیادہ نشستیں جیتنے میں کامیاب تو ہوئی ہے لیکن اس کو واضح اکثریت  حاصل نہیں ہو سکی ہے-

 

ٹیگس