Aug ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکی سفارتکاروں کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم

روس نے امریکی سفارتکاروں کو ملک سے نکلنے کے لئے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔

کرملین کے ترجمان ڈمیٹری پیساکوف نے کل پیر کے روز امریکی سفارتکاروں کو روس سے نکل جانے کے لئے72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہی طریقہ ہے جسے امریکہ نے روس کے سفارتکاروں کے خلاف اختیار کیا تھا۔

کرملین کے ترجمان نے کہا کہ روس اپنے فیصلے پر اٹل ہے اس لئے کہ امریکہ ہی سفارتکاروں کی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بنا تھا۔

امریکی وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدیدار نے روس کے اقدام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اس کا جائزہ لے رہا ہے۔

روس نے اپنے خلاف تازہ امریکی پابندیوں کا جواب دیتے ہوئے واشنگٹن سے کہا تھا کہ وہ اس ملک میں موجود اپنے سفارتی عملے کو کم کرے۔ جس کے بعد روس میں تعینات امریکی سفارتی عملے کی تعداد 455 رہ جائے گی۔ البتہ یہ واضح نہیں کہ اس وقت روس میں کتنا امریکی سفارتی عملہ ذمہ داریاں ادا کررہا ہے جب کہ اس کے ساتھ ماسکو کے نواح میں واقع ایسی دو عمارتوں کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے جو امریکی سفارت کاروں کے زیر استعمال تھیں۔

اس وقت امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے جب کہ عالمی سیاسی ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ کشیدگی ماضی کی سرد جنگ کی سطح پر پہنچ چکی ہے جو بے حد خطرناک امر ہے اور اس کشیدگی کی اصل وجہ خود امریکہ ہے جو اپنے غیر منطقی اقدامات کے ذریعے عالمی امن کو تہہ و بالا کرنے کی کوشش میں ہے۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امید کا اظہار کیا ہے کہ جلد ہی ڈالر کی عالمی کرنسی کی حیثیت ختم ہو جائے گی۔

عالمی نظام میں ڈالر پر اعتراض اور امریکہ  کے معاندانہ رویے کو دیکھتے ہوئے ڈالر کی جگہ عالمی کرنسی کے مطالبے نے زور پکڑا ہے۔

 

ٹیگس