روسی جاسوس طیارے کی امریکہ پر پرواز
اوپن اسکائی معاہدے کے تحت روس کے ایک جاسوس طیارے نے امریکی فضاؤں میں پرواز کی ہے۔
لندن سے شائع ہونے والے اخبار ڈیلی میل کے مطابق، اوپن اسکائی معاہدے کے تحت روس کے ایم ایک سو چون جاسوس طیارے نے کانگریس کی عمارت، سی آئی اے کے دفتر، پنٹاگون اور نیوجرسی میں واقع صدر ٹرمپ کے گولف کورٹ کے اوپر پرواز کی۔
کہا جا رہا ہے کہ کم بلندی پر پرواز کرنے والے روسی طیارے کو کئی بار واشنٹگن کی فضاؤں سے گزرتے دیکھا گیا۔
کیمروں اور ڈیجیٹل آلات سے لیس اس غیر فوجی طیارے کی پرواز کی امریکہ کو پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی۔
اوپن اسکائی معاہدے پر چوبیس مارچ انیس بیانوے کو دستخط کیے گئے تھے اور اس پر یکم جنوری دوہزار دو سے عملدرآمد شروع کیا گیا تھا۔ روس نے دوہزار ایک میں اس معاہدے میں شمولیت اختیار کی تھی۔
اس معاہدے کا مقصد معاہدے میں شامل یورپ اور شمالی امریکہ کے چونتیس ملکوں کے درمیان اعتماد اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔