میکسیکو میں زلزلے کی تباہی 250 افراد ہلاک
میکسیکو میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد لمحہ بہ لمحہ بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک اس تباہ کن زلزلے سے 250 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
میکسیکو میں پندرہ روز کے دوران دوسرے زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، سات اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے سے کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ اب تک 250 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں۔
19ستمبر کی دوپہر میکسیکو سٹی کے نواحی علاقے کے رہائشیوں پر ایک اور قیامت بن کر ٹوٹی جب سات اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے نے درجنوں رہائشی عمارتوں، سپر مارکیٹس، فیکٹریوں کو سیکنڈز میں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سیکڑوں لوگ لقمہ اجل بن گئے۔
زلزلے کے بعد میکسیکو میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، مقامی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔
میکسیکو کے صدر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ملبے سے زندہ نکالنا ہے۔
زلزلے سے متاثر میکسکو سٹی کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کو بھی بند کردیا گیا جبکہ شہر میں عمارتوں کو خالی کروالیا گیا ہے۔
اس سے قبل عین اسی مقام پر 32 سال قبل 1985 میں زلزلہ آیا تھا جس میں لگ بھگ 10 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے ۔