ونزوئیلا کو امریکہ سے کوئی حوف نہیں ہے: مادورو
ونزوئیلا کے صدر نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو امریکہ کی جانب سے مستقل دھمکیوں کا سامنا ہے تاہم انہیں امریکا کا کوئی خوف نہیں ہے
ونزوئیلا کے صدر نیکلاس مادورو نے بیلاروس کے دارالحکومت مینسک میں ونزوئیلا کے قومی ہیرو سائمن بولیور کی یاد میں ایک یادگار کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کو امریکہ کی جانب سے مستقل خطرات اور دھمکیوں کا سامناہے تاہم واشنگٹن کی دھمکیوں سے ونزوئیلا کے حریت پسندانہ جذبات میں کسی قسم کا خلل واقع نہیں ہوگا- انھوں نے کہا کہ کاراکاس، امریکہ کے دباؤ کا مقابلہ کر سکتا ہے- کاراکاس کی جانب سے سائمن بولیور کی یادگار کو دونوں قوموں کے درمیان اتحاد و دوستی کی علامت کے طور پر مینسک کو بطور تحفہ پیش کیا گیا ہے اورمینسک شہرکے ایک اسکوائر میں ونزوئیلا کے قومی ہیرو کے نام سے نصب کیا گیا ہے- امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ابھی حال ہی میں دعوی کیا ہے کہ ونزوئیلا کے سلسلے میں بہت سے آپشن موجود ہیں جن میں ایک فوجی آپشن بھی ہے- ونزوئیلا، امریکی حکومت پر سیاسی اور اقتصادی امور میں مداخلت اوراس ملک کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے مخالفین کی حمایت کا الزام لگاتا ہے-