Oct ۰۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran
  • ترکی: امریکی ویزوں کا اجراء معطل

امریکا نے ترکی میں اپنے سفارتخانے اور قونصل خانوں سے ویزوں کا اجراء معطل کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ترکی میں موجود امریکی سفارتی مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے اس کے ایک ملازم کی گرفتاری کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ انقرہ میں امریکی سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی میں پیش آنے والے حالیہ واقعے نے امریکی سفارتی عملے کے تحفظ کے حوالے سے ترکی کے عزائم پر سوالات کھڑے کردیے ہیں اور امریکا اس کا از سرنو جائزہ لے رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دوران ترکی میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانوں میں لوگوں کی آمد کو محدود کرنے کے لیے فوری طور پرغیرمعینہ مدت کے لیے ویزا سروسز معطل کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ترک حکام نے استنبول سے امریکی قونصل خانے کے ایک ملازم کو امریکا میں جلاوطن ترک مبلغ فتح اللہ گولن سے تعلقات کے شبہ میں حراست میں لیا تھا۔ امریکا نے اس گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ترکی کے اس الزام کو بے بنیاد اور تعلقات کے لیے نقصان دہ قراردیا تھا۔ ترکی کے سرکاری میڈیا نے بتایا تھا کہ گرفتار ہونے والا شخص ترک شہری ہے جسے جاسوسی اور آئین کو نقصان پہنچانے کے الزامات پرحراست میں لیا گیا ہے۔

ترکی جولائی 2016 میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کا الزام فتح اللہ گولن پر لگاتا ہے اورامریکا سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ گولن کو ترکی کے حوالے کرے تاہم امریکا اس مطالبے کو ماننے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔

ٹیگس