امریکی ذرائع ابلاغ جھوٹے ہیں، ٹرمپ
Oct ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ملکی ذرائع ابلاغ پر جھوٹ بولنے کا الزام اور انہیں بند کر دینے کی دھمکی دی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اوپر تنقید کرنے والے این بی سی اور دوسرے ٹی وی چینلوں کو بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ یہ چینل مسلسل جھوٹی اور جعلی خبریں نشر کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ان خبروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا جن میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ امریکہ کے ایٹمی اسلحہ خانوں میں بھرپور اضافے کے خواہاں ہیں۔
این بی سی ٹی وی نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ نے موسم گرما میں اپنے فوجی اور سیکورٹی مشیروں اور معاونین کے ساتھ ملاقات میں ملک کے ایٹمی ہتھیاروں میں دس گنا اضافے کی خواہش ظاہر کی تھی۔