جوہری معاہدے کی پاسداری پر تاکید
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے امریکی ہم منصب ریکس ٹلرسن کے ساتھ ہونے والی ٹیلیفونی گفتگو میں اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام فریقین کی جانب سے ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے پر مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے اس ٹیلی فونک گفتگو میں اپنے امریکی ہم منصب کی توجہ دلائی کہ ایران، جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے وعدوں پر قائم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جوہری معاہدہ ایک عالمی سمجھوتہ ہے لہذا تمام فریقین کو چاہئے اپنے وعدوں پر قائم رہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے جوہری معاہدے کے علاوہ شام کی تازہ ترین صورتحال، شمالی کوریا، یوکرائن کے حالات اور امریکہ-روس سفارتی کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے 15 اکتوبر کو تیسری بار یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا امریکہ، 2015 میں ایران اور گروپ 1+5 کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کے حوالے سے ایران کی پاسداری کی تصدیق کرے گی یا نہیں۔
ایسی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ 15 اکتوبر کو ایران کی پاسداری کی تصدیق کرنے سے گریز کرنے کی کوشش کریں گے۔