Oct ۲۵, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • پاک امریکا تعلقات میں اعتماد کا فقدان

پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات میں اعتماد کا فقدان راتوں رات ختم نہیں ہوگا۔

پاکستان کے وزیرخارجہ خواجہ آصف نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن سے ملاقات کے بعد کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں اعتماد کا فقدان ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر برف جم گئی ہے جسے پگھلنے میں وقت لگے گا، انہوں نے کہا کہ باتیں دھمکی سے نہیں صلح کی زبان سے طے ہوں گی۔

پاکستانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا سے پرانی دوستی یاری کے نتائج پہلے ہی بھگت رہا ہے تو اب امریکا ہمیں اور زیادہ برے نتائج کیا بھگتوائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 70 ہزار جانوں اور اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا ہے جس کے نتیجے میں ہمارا پرامن کلچر اور برداشت پر مبنی معاشرہ برباد ہو کر رہ گیا تاہم اب قوم متحد ہے اور امریکا سے دوستی کے نتائج کو ٹھیک کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے گریبان میں جھانک کر افغانستان میں اپنے کارنامے دیکھے کیونکہ افغانستان کے 45 فیصد حصے پر طالبان کا قبضہ امریکی پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے، انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں سے کوئی تعلق نہیں۔

ادھرامریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوششیں مزید تیز کرے۔

امریکی سفارت خانے نے ریکس ٹلرسن کے دورہ پاکستان پر بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ امریکی وزیرخارجہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور پاک امریکا تعاون اور شراکت داری پر بات کی گئی۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق ملاقات میں خطے میں پاکستان کے کردار سے متعلق بات ہوئی اور ریکس ٹلرسن نے ملاقات میں امریکی صدر کا پیغام دہرایا اور جنوبی ایشیا پر امریکی پالیسی سے متعلق بھی بتایا۔ انہوں نے پاکستان سے ایک بار پھر ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خاتمے کی کوششیں تیز کرے۔

اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاک امریکا تعلقات سمیت خطے کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران سیاسی و عسکری قیادت نے پاکستان سے متعلق نئی امریکی پالیسی پر اپنے خدشات اور تحٖفظات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے اور اس جنگ میں نتائج بھی حاصل کیے ہیں۔

 

ٹیگس