امریکی سائنسدانوں کا جامع ایٹمی معاہدے کی پابندی کا مطالبہ
امریکہ کے نوے سے زیادہ ایٹمی سائنسدانوں نے ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کو باقی رکھے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق نوے سے زیادہ معروف ایٹمی سائنسدانوں نے کانگریس کو لکھے گئے ایک خط میں ایسے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے کہ جن سے جامع ایٹمی معاہدے میں امریکہ کے باقی رہنے کا اطمینان حاصل ہو سکے۔
اس خط میں آیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے پر ازسرنوع مذاکرات کا مطالبہ، غیر حقیقت پسندانہ ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق کانگریس کے نام اس خط پر فیزکس اور جوہری ٹیکنالوجی کے ماہرین کے علاوہ دور مار میزائیلوں کے بارے میں گہری معلومات رکھنے والے سائنسدانوں نے بھی دستخط کیے ہیں۔
اس خط پر ریچر گارون نے بھی دستخط کیے ہیں جن کی تحقیقات، سن انیس سو پچاس میں پہلے ہائیڈروجن کی ایجاد پر منتج ہوئی تھیں۔
سن دو ہزار سترہ میں فیزکس کا نوبل انعام حاصل کرنے والے تینوں سائنسدانوں نے بھی اس خط پر دستخط کیے ہیں۔
اس سے قبل دنیا کے مختلف ملکوں کے پچیس سے زائد سابق وزرائے خارجہ نے بھی امریکی کانگریس کے نام سے اپنے مشترکہ مراسلے میں امریکہ سے ایٹمی معاہدے کی پابندی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔