شمالی کوریا کے خلاف جنگ پر نیٹو کا انتباہ
نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے شمالی کوریا کے خلاف ممکنہ جنگ پر تمام متعلقہ ملکوں کو متنبہ کیا ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹنبرگ نے اپنے دورہ جاپان میں منگل کے روز اس ملک کی جیجی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف جنگ ایک ایسا مسئلہ ہے کہ جس سے پوری دنیا کے لئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم جنگ کے خواہاں نہیں ہیں اس لئے کہ اس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے۔
انھوں نے شمالی کوریا کے مقابلے میں جنوبی کوریا اور جاپان کے مواقف کی حمایت کی اور کہا کہ سلامتی کونسل کا روس جیسا رکن ملک جزیرہ نمائے کوریا کے مسئلے کے پرامن حل کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے جارحانہ رویے کی بنا پر امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی کافی شدّت اختیار کر گئی ہے۔
امریکی صدر شمالی کوریا پر فوجی حملے کی کئی بار دھمکیاں دے چکے ہیں جس پر شمالی کوریا نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔