Nov ۲۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۲۰ Asia/Tehran
  • ترکی: یورپ جانے والے 57 پاکستانی بازیاب

ترکی میں پولیس نے غیرقانونی طریقے سے یورپ جانے والے 57 پاکستانیوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق مقامی پولیس نے پیر کو استنبول میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے چھاپوں کے دوران 57 پاکستانی مغویوں کو بازیاب کرایا ہے جنہیں انسانی اسمگلروں نے ایک عمارت کے تہہ خانے میں قید کیا ہوا تھا ، ان افراد کو 10 ہزار ڈالرز کے عوض یورپ پہنچانے کا جھانسہ دے کر ترکی لایا گیا تھا اور انہیں کہا گیا تھا کہ وہ یہ رقم یورپ پہنچنے کے بعد ادا کریں، مقامی پولیس کے مطابق کارروائیوں میں تین پاکستانی اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن پر تارکین وطن کو گمراہ کرنے کے الزامات ہیں۔

چند ماہ قبل ترکی سے متعدد پاکستانی باشندے پہلے بھی بازیاب ہوچکے ہیں، انسانی اسمگلروں نے انہیں اغوا کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر ویڈیو پاکستان بھیجی تھی، پاکستانی حکام کی درخواست پر ترک پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد پاکستانیوں کو بازیاب کرایا تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 20 افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا تھا، یہ تمام افراد انسانی اسمگلروں کو رقم دے کر ترکی کے راستے یورپ جانے کے خواہش مند تھے۔

 

ٹیگس