Dec ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا سامان لے جانے والے بحری جہازوں پر پابندی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایسے چار بحری جہازوں کو جو شمالی کوریا کے لئے ایسے سامان لے جا رہے تھے جن پراقوام متحدہ نے پابندی عائد کررکھی ہے دنیا کی کسی بھی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے منع کردیا ہے۔

امریکا نےمختلف ملکوں کے دس بحری جہازوں پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی تھی لیکن چین کی مخالفت کی وجہ سے صرف چار بحری جہازوں پر ہی پابندی عائد کی گئی ہے۔ امریکا نے جن بحری جہازوں پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی تھی ان پر بلیز ،چین ، پالاؤ ، پاناما اور ہانگ کانگ کے پرچم لگے تھے۔
سلامتی کونسل نے اپنی مختلف قراردادوں میں پتھر کے کوئلے، لوہے، سمندری اشیا، ٹیکسٹائل اور تیل جیسی چیزوں کی شمالی کوریا کے لئے برآمدات اور درآمدات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
گذشتہ مہینوں کے دوران شمالی کوریا پر ایٹمی اور میزائلی تجربات کے بہانے سلامتی کونسل نے متعدد پابندیاں عائد کی ہیں - بیشتر پابندیاں امریکا کے کہنے پر عائد کی گئی ہیں۔
امریکا اور اس کے اتحادیوں نے جنھوں نے جزیرہ نمائے کوریا میں کشیدگی کو ہوا دینے میں اہم رول ادا کیا ہے ہمیشہ شمالی کوریاسے کہا ہے کہ وہ اپنا ایٹمی پروگرام اور تجربات بند کردے لیکن پیونگ یانگ کا کہنا ہے کہ جب تک امریکا کی کی سیکورٹی کو خطرہ لاحق رہے گا وہ اپنے دفاعی منصوبے کی تقویت کرتا رہے گا۔

ٹیگس