چین کی اقوام متحدہ میں ایران جوہری معاہدے کی حمایت
دنیا کے تقریبا سبھی ممالک کا کہنا ہے کہ ایران، جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کر رہا ہے اور یہ امریکہ ہے جو اس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے سفیر وو ہیتاؤ'(Wu Haitao) نے ارنا نیوز ایجنسی کے نمائندے کے ساتھ گفتگو میں اقوام متحدہ میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کی ایک بار پھر مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک عالمی معاہدہ ہے اور اس حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے.
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چین نے متعدد بار سلامتی کونسل میں اپنا موقف پیش کیا ہے اور یہ بات واضح ہے کہ ہم ایران جوہری معاہدے کی حمایت کرتے ہیں.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ ہفتے جوہری معاہدے کے حوالے سے آخری بار ایران کی شفاف کارکردگی کی تصدیق کرتے ہوئے ایران سے متعلق جوہری پابندیوں کو معطل کردیا.
دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے یکطرفہ اور غیرمنصفانہ رویے کے تحت انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور میزائل پروگرام کو بہانہ بنا کر 14 ایرانی شخصیات اور کمپنیوں بالخصوص بعض غیرملکی شہریوں پر پابندی لگادی.
ڈونلڈ ٹرمپ جس نے دو مرتبہ ایٹمی سمجھوتے کی توثیق کی ہے اس بار بھی اس معاہدے کی مخالفت کے باوجود ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی توثیق کردی ہے.