ٹرمپ ناقابل اعتبار مذاکرات کار ہیں، امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر کا بیان
امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹ دھڑے کے رہنما چک شومر نے ہفتے کی رات ایک بیان میں امریکی صدر ٹرمپ کو ناقابل اعتبار مذاکرات کار قرار دیا ہے۔
انھوں نے سینیٹ میں عبوری بجٹ بل کے مسئلے پر ڈیموکریٹ اور ریپبلکن کے درمیان پائے جانے والے اختلاف اور حکومتی شٹ ڈاؤن پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ ہاؤس کے ساتھ مذاکرات کا مسئلہ ڈانواڈول رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومتی شٹ ڈاؤن کی ذمہ دار ڈیموکریٹ پارٹی اور خاص طور سے چک شومر ہیں۔
امریکہ میں ہفتے کی صبح سے حکومتی شٹ ڈاؤن ہے جبکہ امریکہ میں سنہ انّیس سو پنچانوے کے بعد یہ تیسری بار حکومتی شٹ ڈاؤن ہوا ہے۔ امریکہ میں عارضی بجٹ بل سینیٹ میں واضح اکثریت نہ ملنے کی وجہ سے نامنظور ہو گیا اس لئے کہ بجٹ کی منظوری کے لئے سینیٹ کے ساٹھ ووٹوں کی ضرورت تھی جبکہ اسے صرف پچاس ووٹ ہی مل سکے۔
امریکی سینیٹ میں ریپبلکن کے اکیاون اور ڈیموکریٹ کے انچاس سینیٹر ہیں۔