امریکہ میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں
امریکہ میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں سمندری طوفان رائیلی(Riley) کی تباہ کاریاں جاری ہیں، موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ مشرقی ریاستوں میں موسلا دھار بارش، آندھی اور سمندری طوفان رائیلی کے باعث 5 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں ہیں۔ بوسٹن اور واشنگٹن ڈی سی کے درمیان ریل سروس بھی معطل ہے ۔
بوسٹن میں سمندر سے نکلنے والی ساڑھے چار میٹر اونچی لہروں سے سڑکیں ڈوب گئیں ۔ ساحلی علاقوں کے نزدیک رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا،درخت اور بجلی کے پول گرنے سے ورجینیا سے میسا چوٹس تک 20 لاکھ سے زائد گھر اور دفاتر بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگئے ۔
دوسری جانب طوفان ایما کے سبب لندن سمیت ملک کے دیگر حصوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔ برف باری کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ۔
برطانیہ میں شدید برف باری کے بعد مارچ کو سرد ترین مہینہ قرار دےدیا گیا،جہاں مختلف حادثات میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں گزشتہ ہفتے برف باری سے معیشت کو یومیہ ایک ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔