شمالی کوریا اور امریکہ کے مذاکرت
امریکی وزیر خارجہ شمالی کوریا پہنچ گئے جہاں ان کی شمالی کورین سربراہ کم جوانگ سے ملاقات ہوئی اور ملاقات کے دوران سربراہ اجلاس کا ایجنڈا طے کیا گیا۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سربراہ اجلاس کا ایجنڈا طے کرنے کے لیے گزشتہ روز شمالی کوریا پہنچے، انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے شمالی کوریا درست راہ پر چلے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا یہ شمالی کوریا کا دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل انھوں نے اپنے عہدہ کا حلف اٹھانے سے قبل گزشتہ ماہ کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی۔
مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ گزشتہ ملاقات میں شمالی کوریا سے اچھے تعلقات کی بنیاد رکھی گئی جبکہ 2000 کے بعد سے امریکا کی جانب سے شمالی کوریا سے یہ پہلا اعلی سطح کا رابطہ تھا۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے 3 امریکی شہریوں کو قید سے رہا کر دیا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے اس قدم کو ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان ملاقات سے قبل جذبہ خیر سگالی قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا پر حملے کی دھمکی دی تھی لیکن شمالی کوریا کی جانب سے ٹھوس موقف اختیار کرنے اور امریکہ سے سخت لہجے میں بات کرنے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کرنے اور دھونس دھمکی کی پالیسی کو ترک کرنے پر مجبور ہوئے۔