May ۲۸, ۲۰۱۸ ۲۰:۵۲ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کا تحفظ یورپی وزرائے خارجہ کے اجلاس کا اہم ترین ایجنڈا

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے کہا ہےکہ ایٹمی معاہدے کا تحفظ پیر کے مذاکرات کا اہم ترین ایجنڈا ہے۔

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے آغاز سے قبل کہا کہ پیر کو وزرائے خارجہ کے اجلاس کا پہلا اور سب سے اہم ایجنڈا ایٹمی معاہدے کا تحفظ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ایسے اقدامات انجام دے رہی ہے کہ جن کے ذریعے ایٹمی معاہدے اور یورپ کی اقتصادی سرمایہ کاری کی حفاظت کی جاسکے۔

فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ جمعے کو ہوئے ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی اچھی اور مثبت رپورٹ بھی یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

ویانا میں جمعے کو ہونے والے اجلاس میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹرجنرل یوکیا آمانو نے ایک با پھر اس بات کی تصدیق کی کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر عمل کیا ہے۔

موگرینی نے کہا کہ حالیہ ہفتوں کے دوران فرانس ، برطانیہ، جرمنی اور دیگر بین الاقوامی فریقوں نے ایران کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ یورپی یونین کا فیصلہ شفاف ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے پاس ایسے اختیارات ہیں کہ جن کے ذریعے وہ اپنی اقتصادی سرمایہ کاری کی حمایت اور حفاظت کرسکتی ہے۔

ٹیگس