Jun ۱۳, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۶ Asia/Tehran
  • عالمی معاہدوں کو پاوں تلے روندنے والے ٹرمپ کی یقین دہانی

سنگاپور میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ اُن کو شمالی کوریا کی سالمیت کو درپیش خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے مکمل تحفظ کی ضمانت  دینے کا اعلان کیا ہے جس کے جواب میں کم جونگ اُن نے امریکی صدر کو جوہری پروگرام کے مکمل خاتمے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ باہمی خوشگوار تعلقات شمالی کوریا اور دنیا کے امن کے لیے نہایت کارگر ثابت ہوں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پیپلز ری پبلک آف کوریا کے چیئرمین کم جونگ اُن کے درمیان 12 جون 2018 کو سنگاپور میں پہلی ملاقات ہوئی۔ دونوں حریف رہنماؤں کے درمیان ایک نئے ، مضبوط اور مربوط تعلقات کے لیے جامع، مخلصانہ اور تفصیلی تبادلہ خیال ہوا تاکہ جزیرہ نمائے کوریا میں پائیدار اور مستحکم امن کے قیام کی بنیاد رکھی جا سکے۔

طے پانے والے امور پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور جلد دونوں ممالک کے اعلی حکام کی جانب سے اس حوالے سے ہونے والے اجلاس کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی وعدہ خلافیوں اور عالمی معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے کے ماضی کے پیش نظر کسی کو بھی ٹرمپ کی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہئیے۔

ٹیگس