بریگزٹ کے حامیوں اور مخالفین کے مظاہرے
یورپی یونین سے برطانیہ کے علحیدگی کے ہونے والے ریفرنڈم کی دوسری سالگرہ کے موقع پر بریگزٹ کے حامیوں اور مخالفین نے لندن میں مظاہرے کئے ہیں۔
ہزاروں کی تعداد میں بریگزٹ کے حامیوں نے لندن کی سڑکوں پر مارچ کیا اور یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل میں سست روی کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں برطانوی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل کو تیز کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
دوسری جانب بریگزٹ کے مخالفین نے بھی لندن کی سڑکوں پر احتجاج کیا اور اس معاملے پر دوبارہ ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین یورپی یونین کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے جس میں بریگزیٹ ڈیل کے خلاف کلمات درج تھے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزیٹ بل منظور کیا تھا، یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی سے متعلق بل پر کئی ماہ سے بحث جاری تھی۔ شاہی منظوری کے بعد بریگزٹ بل قانون کا درجہ حاصل کرلے گا۔