ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم گرفتار
ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو سرکاری خزانے میں خرد برد کے الزامات میں اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اینٹی کرپشن پولیس نے ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کو اُن کے گھر سے گرفتار کیا ہے۔ سابق وزیراعظم کو آج عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے جس کے لیے پولیس نے چالان تیارکرلیا ہے۔ قبل ازیں تحقیقاتی ادارے نے سابق وزیراعظم کے گھر اور دفاتر پر چھاپے کے دوران 273 ملین ڈالر کے اثاثے برآمد کرنے کا دعوی کیا تھا۔
ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے قبضے سے برآمد کیے گئے اثاثوں کی مالیت لگ بھگ 273 ملین ڈالر بنتی ہے جن میں 12 ہزار سے زائد زیورات، 423 مہنگی گھڑیاں، مشہور برانڈ کے 234 چشمے اور 567 ہینڈ بیگز ہیں جو سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ روسماء منصور کے زیر استعمال تھے۔
واضح رہے کہ ملائیشیا کے نئے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی سابق وزیراعظم نجیب رزاق پر سرکاری خزانے سے چار ارب ڈالر کے مالی بدعنوانی میں ملوث ہونے کے الزام کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جس پر عمل در آمد کرنے کے لیے سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ تاہم سابق وزیراعظم نے خود پر لگنے والے الزامات کی تردید کی تھی۔