جاپان میں طوفانی بارش و سیلاب 100 افرادہلاک 40 لاکھ متاثر
جاپان میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 100 جب کہ بے گھر افراد کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہوگئی ۔
جاپانی حکام کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی جاپان کی تاریخ کی سب سے خطرناک بارشوں کے سبب مختلف علاقوں میں سیلاب آگیا، کئی علاقے ڈوب گئے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں جس کے باعث ہلاکتیں ہوئیں، سیکڑوں گھر تباہ ہوچکے ہیں یا انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔
مختلف شہروں میں تباہی سے نمٹنے کے لیے تمام سیکیورٹی فورسز سمیت حکومت نے فوج کو بھی طلب کیا ہوا ہے جو ڈوبے ہوئے علاقوں سے کشتیوں کی مدد سے لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کررہی ہے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 100 سے زائد ہوچکی ہے، متاثرہ علاقوں کے 20 لاکھ سے زائد افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر جاچکے ہیں، کئی افراد زخمی ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہےاور 50 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
وزیر اعظم شنزو ابے نے اس سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 54 ہزار سے زائد امدادی و سیکیورٹی اہلکار سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔