امریکی صدرٹرمپ اور اتحادی ممالک کے مابین تناو
Jul ۱۳, ۲۰۱۸ ۰۷:۳۹ Asia/Tehran
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو ممالک کو دفاع کا بجٹ دگنا کرنے کی اپیل کردی۔
بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں نیٹو کا اجلاس ہوا جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دیا کہ تمام اتحادی ممالک اپنی اپنی مجموعی قومی پیداوار کا 4 فیصد دفاع پر خرچ کریں تاہم اتحادی ممالک اس بات پر راضی نہ ہوئے۔
اجلاس کے دوسرے اور آخری روز امریکی صدر نے دعوی کیا کہ اتحادی ممالک دفاع پر مزید خرچ کرنے پر متفق ہوگئے ہیں تاہم نیٹو کے رکن ممالک اس نتیجے پر پہنچے کہ 2024 تک وہ اپنی اپنی سالانہ مجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد ہی دفاع پر خرچ کریں گے۔
کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے جرمنی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برلن روسی تیل اور گیس کی درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے، جواب میں جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے کہا کہ جرمنی اپنی سیاست میں آزاد اور اپنے فیصلے خود کرتا ہے۔