صومالیہ میں 87 دہشت گرد ہلاک
صومالیہ کی فورسز نے جوبا السفلی کے ایک فوجی کیمپ پر الشباب کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 87 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کاروائی میں 6 فوجی بھی مارے گئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے کیمپ کے ایک حصے پر مختصر مدت کے لیے قبضہ کر لیا تھا۔ قائم مقام وزیر اطلاعات عدن اسحاق علی نے سرکاری ٹیلیویژن پر بتایا کہ دہشت گرد گروہ الشباب نے فوجی کیمپ کے ایک حصے پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد ہم نے وہاں مزید فوجی کمک بھیجی اور انھوں نے بڑی کامیابی سے الشباب کو پسپا کر دیا۔ انھوں نے بتایا کہ ہمارے 6 فوجی ہلاک ہوئے اور ہماری فورسز نے اپنے آپریشن میں الشباب کو بڑی کامیابی سے شکست دے دی۔ لڑائی میں الشباب کے 87 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
صومالیہ کے فوجی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ الشباب نے بارود سے بھری ہوئی 2 گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا کر حملہ کیا اور اس کے بعد فائرنگ شروع کر دی۔