بریگزٹ مذاکرات آخری مرحلے میں داخل
بریگزٹ کے مذاکرات میں یورپی یونین کے سینیئر مذاکرات کار نے کہا ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین بریگزٹ کے بارے میں مذاکرات کا آخری مرحلہ شروع کر رہے ہیں۔
یورپی یونین کے سینیئر مذاکرات کار میشل بارنیہ نے یہ بیان ان خدشات کے تناظر میں دیا ہے کہ برطانیہ کسی اتفاق رائے کے بغیر ہی یورپی یونین کو ترک کرسکتا ہے۔ یورپی یونین کے سینیئر مذاکرات کار نے برسلز میں بریگزٹ سے متعلق برطانوی وزیر ڈومینک راب سے ملاقات کے بعد کہا کہ مذاکرات اب آخری مرحلے میں پہنچنے والے ہیں اور ہم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یورپی یونین اور برطانیہ اس کے بعد سے مسلسل مذاکرات کا عمل شروع کریں گے۔
ڈومینٹک راب کو بریگزٹ سے متعلق برطانیہ کا وزیر، ڈیوس ڈیوڈ کی جگہ بنایا گیا ہے جنہوں نے بریگزٹ کے بارے میں برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے کے منصوبے پر اعتراض کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا تھا۔ یورپی یونین سے برطانیہ کے عملی طور پر نکل جانے میں انتیس مارچ دو ہزار انیس تک کا وقت بچا ہے لیکن ابھی تک برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان اس سلسلے میں کوئی اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے۔