امریکا، فلپائن اور چین میں سمندری طوفان، 73 ہلاک
امریکہ، فلپائن اور چین میں طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
سمندری طوفان منگ کھٹ کی فلپائن، ہانگ کانگ اور چین کے جنوب مشرقی ساحلوں میں تباہ کاریاں، فلپائن میں ہلاکتوں کی تعداد 59ہوگئی، ہانگ کانگ میں دو سو سے زائد افراد زخمی، چین میں لاکھوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیاجبکہ امریکا میں فلورینس سے ہلاکتیں14 ہوگئیں۔
فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد منگ کھٹ سے ہانگ کانگ میں مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ پروازیں منسوخ ہو گئیں عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، درخت جڑوں سے اکھڑ گئےاور رہائشی علاقے کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے۔
طوفان چینی صوبے گوانگ ڈونگ پہنچا تو لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ سیکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئیں آئل ریفائنریز، انڈسٹریل پلانٹس بند ہو گئے اورہزاروں کشتیوں کو سمندر سے واپس بلانا پڑا۔
ادھر امریکا میں سمندری طوفان فلورینس شمالی، جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچانے کے بعد کمزور پڑ گیا لیکن متاثرہ علاقوں سمیت ورجینیا اور وسطی اٹلانٹک میں تیز ہواؤں، طوفانی بارشوں سمیت بدترین سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔