برطانیہ میں بریگزٹ پر دوبارہ ووٹنگ کرائے جانے کا مطالبہ
برطانیہ کے پندرہ سو سے زائدسینیئر وکلا اور پچاس اہم تاجروں نے اپنے ملک کی وزیر اعظم کے نام مراسلوں میں بریگزٹ پر دوبارہ ووٹنگ کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق تھریسا مئے کے نام برطانوی وکلا کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے بارے میں ایک اور ریفرنڈم میں عوام شرکت کر کے اپنے فیصلے کا اعلان کریں۔اسی طرح کے ایک اور مراسلے میں برطانیہ کے پچاس اہم تاجروں نے لندن برسلز مذاکرات کے عمل پر خبردار کیا ہے۔اس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے حالات دشوار ہو گئے ہیں اور بریگزٹ پر دوبارہ رائے شماری کرائے جانے کی ضرورت ہے۔ یہ مراسلہ عوامی رائے شماری کے نام سے ایک نئی تحریک کے آغاز کا باعث بنا ہے۔دریں اثنا برطانوی وزیر اعظم کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ تھریسا مئے، بریگزٹ پر دوبارہ رائے شماری کرائے جانے کے خلاف ہیں۔واضح رہے کہ بریگزٹ پر لندن برسلز کے درمیان مذاکرات کے باوجود یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے کے طریقہ کار اور مستقبل میں فریقین کے درمیان تعلقات کے تعلق سے وسیع بنیادی اختلافات پائے جاتے ہیں۔