فرانس میں پیلی جیکٹ کے مظاہرے
فرانس میں پیلی جیکٹ تحریک کی جانب سے مسلسل پانچویں ویک اینڈ پر بھی ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے دیگر شہروں کی طرح پیرس میں اس ہفتے بھی پیلی جیکٹ پہنے مظاہرین سڑکوں پر نکلے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا ۔
مظاہرین اور پولیس کے درمیان کئی شہروں میں جھڑپیں بھی ہوئیں ، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ ایک سو اڑسٹھ مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ۔
مظاہرین سے نمٹنے کے لیے انہتر ہزار سیکورٹی اہل کار تعینات کیے گئے جن میں سے 8 ہزار پیرس میں تعینات تھے ۔ اس کے علاوہ 14بکتر بند گاڑیاں بھی پیرس میں گشت کرتی رہیں۔
فرانس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اورحکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آغاز 17 نومبرکو ہفتے کے روز ہوا تھا ۔ تب سے ہر ہفتے کے روز فرانس بھر میں مظاہرین پیلی جیکٹیں پہن کر احتجاج کررہے ہیں ۔
فرانسیسی صدر کی جانب سے ایندھن پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کو 6 ماہ کے لیے معطل کرنے، کم از کم تنخواہوں کی شرح بڑھانے سمیت اس جیسے دیگر اعلانات کے باوجود بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔