فرانس میں یلو جیکٹ مظاہرین کے لئے یورپ بھر سے حمایت کا اعلان
فرانس میں یلو جیکٹ تحریک کا دائرہ یورپ کے مختلف ملکوں تک پھیل گیا ہے اور کینیڈا کے عوام نے بھی اس تحریک کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔
یلو جیکٹ تحریک کی حمایت میں بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں تیسرا بڑا مظاہرہ ہفتے کو ہوا۔
بیلجیئم کے مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے مختلف یورپی اداروں منجملہ برسلز میں یورپی کمیشن کی عمارت کی طرف بھی بڑھنے کی کوشش کی جنھیں پھر پولیس اہلکاروں نے روک دیا۔ بیلجیئم کے سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ برسلز میں یورپی پارلیمان کی عمارت کے قریب احتجاج کے دوران تقریبا پچاس مظاہرین کر حراست میں لے لیا گیا۔
آسٹریا کے عوام نے بھی امیگریشن پالیسیوں اور اداروں میں کام کا وقت زیادہ ہونے کے خلاف ویانا کی سڑکوں پر احتجاج و مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کی بڑی تعداد کی بنا پر ویانا جانے والی سڑکیں مسدود ہو گئیں اور رفت و آمد کا سلسلہ بہت سست روی کے ساتھ جاری رہا۔
صربیہ کے عوام نے بھی دارالحکومت بلغراد کی سڑکوں پر احتجاج کیا اور صدر الیگزنڈر ووچیچ کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ووچیچ، جو انتہا پسند نیشنلسٹ رہے ہیں، اب یورپی یونین میں صربیہ کی شمولیت کے خواہاں ہیں اور ان کی اس پالیسی کو ملک کے اندر خاصی مخالفت کا سامنا ہے۔ دارالحکومت بلغراد میں کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے ،خونی کپڑوں میں نہیں، کے عنوان سے مشہور ہوئے ہیں۔
یلو جیکٹ تحریک کا اثر کینیڈا میں بھی دیکھا گیا جہاں مظاہرین نے یلو جیکٹ پہن کر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا اور فرانسیسی عوام کی حمایت میں مظاہرے کئے۔ یہ مظاہرے کئی شہروں میں کئے گئے۔
مظاہرین نے شہر ہالیفیکس کی کونسل کی عمارت کے سامنے اجتماع کیا اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹین تروڈو کی پالیسیوں پر تنقید کی۔
اسی قسم کے مظاہرے مختلف دیگر شہروں منجملہ ٹورنٹو، ایڈمونٹن اور ونی پیگ میں بھی کئے گئے۔
ہالینڈ میں بھی یلو جیکٹ کی حمایت میں مظاہرے کئے گئے۔ اس ملک میں بھی مظاہرین نے یلو جیکٹ کا استعمال کرتے ہوئے ہیگ، امسٹرڈم اور روٹرڈم کی سڑکوں پر اجتماع کیا اور وزیر اعظم مارک روٹے کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
فرانس میں اس ملک کے صدر امانوئل میکرون کی جانب سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کرنے جیسے فیصلے سے دستبرداری کے باوجود اس ملک میں حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے نہ صرف یہ کہ بند نہیں ہوئے ہیں بلکہ وہ یورپ کے دیگر ملکوں میں ایک نمونے میں بھی تبدیل ہو گئے ہیں۔