امریکا میں سائبرحملہ اخبارات کی پرنٹنگ وترسیل متاثر
امریکا میں سائبر حملے کا ہدف لاس اینجلس ٹائمز کا پرنٹنگ پلانٹ تھا، متاثرہ پرنٹنگ پلانٹ شیئر کرنے سے دیگر پرنٹ میڈیا بھی سائبر وائرس سے متاثر ہوا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سائبر حملے کے نتیجے میں امریکا کے معروف اخبارات لاس اینجلس ٹائمز، شگاگو ٹریبیون، بالٹی مور سن اور دیگر جریدوں کی چھپائی، اشاعت اور تقسیم کے نظام کو کافی نقصان پہنچا۔
علاوہ ازیں وال اسٹریٹ جرنل اور نیویارک ٹائمز کے لاس اینجلس کی اشاعت میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔ سائبر حملہ ایک وائرس کے ذریعے کیا گیا جس نے ان اداروں کے اشاعتی اور تقسیم کار کے سافٹ ویئر کو ناکارہ بنادیا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سائبر حملہ کسی اورملک سے کیا گیا، کمپیوٹرز کے سرور کو ہدف بنایا گیا تاکہ اشاعت و تقسیم کے انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا کر اہم معلومات چوری کی جاسکیں۔
محمکہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ اخبارات کے نظام پر سائبر حملے سے آگاہ ہیں، حکومت اور صنعتی شراکت دار اس معاملے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق سائبر حملے کا آغاز جمعہ کے روز سے شروع ہوا۔