Feb ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۹ Asia/Tehran
  • جشن انقلاب میں ایرانی عوام کی تاریخی شرکت پر ٹرمپ چراغ پا

امریکی صدر ٹرمپ نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی تاریخی اور یادگار شرکت پر اپنی برہمی کا اظہار اپنے ٹویٹر پیج پر انگریزی اور فارسی زبان میں کیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ان پیغامات اور ٹویٹس میں ایک بار پھر ایران پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کیا اور دعوی کیا کہ ایرانی عوام ایک طویل عرصے سے مشکلات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے ایرانی عوام کے خلاف گذشتہ چالیس برس کے دوران امریکا کی ظالمانہ  پابندیوں اور جرائم کا ذکر کئے بغیر مکارانہ انداز میں ایرانی عوام سے ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانیوں کا یہ حق ہے کہ وہ بہتر مستقبل اور اچھی زندگی گزاریں۔

امریکا کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر جان بولٹن نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں جس میں جشن انقلاب کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی شاندار اور تاریخ ساز شرکت پر ان کی ناراضگی اور جھنجھلاہٹ صاف جھلک رہی ہے کہا کہ ایرانی حکومت کو اپنا رویّہ ٹھیک کرنا ہوگا اور بالآخر یہ ایرانی عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنا راستہ خود متعین کریں۔

جان بولٹن نے اپنے مضحکہ خیز دعوے میں کہا کہ امریکا ایرانی عوام کی خواہشات اور ارادے کی حمایت کرتا ہے اور ان  کے ساتھ کھڑا رہے گا تاکہ انہیں یہ اطمینان رہے کہ ان کی  بات اور آواز سنی جارہی ہے۔

جان بولٹن کی یہ فضولیات ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے کہ جب خود امریکی حکام نے ہی ایرانی عوام پر پابندیاں عائد کرکے عالمی امپریالیسم کے مقابلے میں ان کی استقامت کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔

جان بولٹن نے کچھ عرصے قبل کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ نہیں دیکھ پائے گا۔

امریکی صدر ٹرمپ اور قومی سلامتی کے امور کے مشیر جان بولٹن کے مضحکہ خیز ٹویٹ کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ چالیس سال گذر جانے کے بعد بھی امریکی حکام اس بات کو سمجھنے قاصر ہیں کہ ایرانی قوم کسی بھی قیمت پرکسی کا تسلط قبول نہیں کرے گی۔

وزیرخارجہ نے لکھا کہ اب جبکہ امریکا گذشتہ چالیس برسوں سے مختلف طریقوں منجملہ خونریزی اور پیسے خرچ کرنے کے بعد بھی بار بار شکست کھا چکا ہے اور اس بات میں بھی ناکام رہا ہے کہ وہ ایرانیوں کو اپنا مطیع و فرمانبردار بنالے اور ساتھ ہی وہ ایران کے حقائق سے واشنگٹن کی پالیسیوں کو منطبق بھی نہیں کرسکا ہے، تو وقت آگیا ہے کہ امریکی صدرٹرمپ اپنی شکست خوردہ پالیسیوں پر نظر ثانی کریں۔

ایران مخالف ٹرمپ کا ٹویٹ ایران میں جشن انقلاب کے موقع پر نکالی گئیں تاریخ ساز ریلیوں کے کچھ گھنٹے کے بعد سامنے آیا۔ ان ریلیوں کا اصلی نعرہ امریکا مردہ باد تھا۔

امریکی ٹی وی چینل سی این این نے ایران کے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کے عنوان سے اپنی شہ سرخیوں والی خبروں میں کہا کہ ایران نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ امریکا اور بین الاقوامی دباؤ کے سامنے جھکنے کے لئے تیار نہیں ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسو شی ایٹڈ پریس نے بھی اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خبردی ہے  کہ ایرانی قوم دارالحکومت تہران اور ملک  کے دیگر شہروں میں سڑکوں پر نکلی تاکہ اپنے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کا جشن منائے۔

واضح رہے کہ ایران کے عوام نے اپنی ریلیوں کے اختتام پر ایک قرارداد پاس کرکے امریکا کو پوری دنیا میں شیطنت، جنگ و خونریزی اور بحران کا ذمہ دار قراردیا اور اعلان کیا کہ وہ ٹرمپ کی دھونس و دھمکیوں سے مرعوب  ہونے والے نہیں ہیں۔

ٹیگس