بجلی کے نظام میں تخریب کاری پر وینزوئیلا کے صدر کا ردعمل
وینزوئیلا کے صدر نے سائبر حملوں کو ملک کی بجلی کی سپلائی میں پیدا ہونے والے تعطل کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔
وینزوئیلا کے صدرنکولس مادورو نے کہا ہے کہ بعض افراد نے ملک کے اندر قومی گرڈ سسٹم پر سائبر حملے کیے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی بحال کے کرنے کی کوششں ناکام ہو گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق وینزوئیلا کی پندرہ سے زیادہ ریاستوں میں جمعرات سے بجلی کی سپلائی معطل ہے اور بحالی کی کوششں کارگر ثابت نہیں ہو رہی ہے۔
اس سے پہلے وینزوئیلا کی مرکزی الیکٹرک کمپنی کور پوئیلک نے بتایا تھا کہ گوری نامی بجلی گھر میں تخریب کاری کے ایک واقعے کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔
بجلی نہ ہونے کی وجہ سے وینزوئیلا کے اہم ترین بین الاقوامی ہوائی اڈے سیمن بولیوار ایئر پورٹ پر بھی ہفتے کے روز کام ٹھپ رہا اور متعدد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
کیوبا کے صدر میگل ڈائز کینل نے وینزوئیلا کے بجلی گھر میں تخریب کاری اور بجلی کے بڑے تعطل کو اس ملک کے عوام کے خلاف دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔
صدر نکولس مادورو نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ایک بار پھر وینزوئیلا کے خلاف فوجی حملے کی امریکی دھمکیوں کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
انہوں نے واشنگٹن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور محب وطن لوگ اپنے ملک کے دفاع کے بہادری کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
امریکہ حالیہ ہفتوں کے دوران وینزوئیلا کے حکومت مخالفین کی مسلسل حمایت کر کے اس ملک میں بغاوت کرانے کی کوشش کرتا چلا آرہا ہے جس کا مقصد امریکی سامراجیت کی مخالفت کرنے والی نکولس مادورو حکومت کا تختہ الٹنا ہے۔
وینزوئیلا کے حکومت مخالف رہنما خوان گوائیدو نے تئیس جنوری کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کھلی حمایت حاصل ہونے بعد اپنے صدر ہونے کا اعلان کر دیا تھا جسے وینزوئیلا کی حکومت اور عوام نے ملک کے منتخب صدر نکولس مادورو کے خلاف بغاوت سے تعبیر کیا ہے۔
ایران، روس، ترکی اور چین سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں نے وینزوئیلا کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے احترام کو ضروری قرار دیتے ہوئے کراکاس کے خلاف امریکی اقدامات کی مذمت کی ہے۔