Mar ۱۶, ۲۰۱۹ ۰۶:۵۹ Asia/Tehran
  • یورپی یونین سے اخراج میں تاخیر کی قرارداد منظور

یورپی یونین سے اخراج میں تاخیر کیلئے برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی قرار داد پارلیمنٹ نے منظور کرلی جس کے بعد 29 مارچ تک ہر حال میں یورپی یونین سے انخلاء کا خطرہ ٹل گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں آرٹیکل 50 کے نفاذ میں وزیراعظم تھریسامے کی مشروط توسیع کی قرارداد کے حق میں 412 جب کہ مخالفت میں 202 ووٹ ڈالے گئے، تاہم آرٹیکل 50 کی توسیع میں منظوری سے یورپی یونین سے اخراج کے لیے طے شدہ تاریخ 29 مارچ میں توسیع یورپی یونین کے ممالک کی رضامندی سے مشروط ہوگی۔

اس قرار داد میں وزیراعظم تھریسامے کی بریگزٹ ڈیل پر تیسری بار ووٹنگ کی تجویز بھی شامل ہے، جس کے تحت بریگزٹ ڈیل 20 مارچ تک منظور ہو جائے تو انخلاء کے عمل کو مزید 3 ماہ کی توسیع کے بعد 20 جون تک موخر کیا جاسکتا ہے، تاہم منظورنہ ہونے کی صورت میں برطانوی وزیراعظم یورپی یونین سے 2 سال تک آرٹیکل 50 کو توسیع دینے کا مطالبہ کریں گی۔

دوسری جانب لیبر پارٹی کی آرٹیکل پچاس کے نفاذ میں توسیع کی قرار داد اور متبادل بریگزٹ پلان کی قرار داد بھی مسترد کردی گئی ہے، اپوزیشن لیڈر جیریمی کوربن کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد کے حق میں 302 اور مخالفت میں 318 ووٹ پڑے، تاہم اس معاملے پر 20 مارچ تک مکمل صورت حال واضح ہوسکے گی۔

ٹیگس