کرائسٹ چرچ حملےکے مجرم کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔وزیراعظم نیوزی لینڈ
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا ایرڈن نے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ حملے کے مجرم کو ملکی قوانین کے تحت سخت ترین سزا دی جائے گی۔
کرائسٹ چرچ حملے کے بعد پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں بیان دیتے ہوئے وزیراعظم جسنڈا ایرڈن نے ایک بار پھر دہشت گردی کے اس سانحے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اس سانحے میں جاں بحق والوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قاتل کا نام لینا تک گوارا نہیں کرتیں۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ وہ ملزم کا نام لینےکے بجائے، شہید ہونے والوں کی یاد کو ترجیح دیتی ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ میں واضح کردینا چاہتی ہوں کہ اس سانحے کے مرکزی کردار کو ملکی قوانین کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پندرہ مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دومساجد میں نسل پرست دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پچاس مسلمان شہید ہو گئے تھے۔